نجکاری کمیشن کے بورڈ کا اجلاس، جاری سودوں کا جائزہ لیا گیا

2

اسلام آباد،21مارچ  (اے پی پی):نجکاری کمیشن (پی سی ) بورڈ کا اجلاس    چیئرمین پی سی بورڈ عابد حسین بھیو کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں بورڈ ممبران، وفاقی سیکرٹری نجکاری کمیشن اور وزارت کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی ۔ بورڈ کو جاری سودوں  اور بورڈ اور متعلقہ وزارتوں کی توجہ کے متقاضی معاملات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

بورڈ کو ہائوس بلڈنگ فنانس کمپنی لمیٹڈ (ایچ بی ایف سی ایل ) کی نجکاری کے لیے پری کوالیفیکیشن کمیٹی کی رپورٹ کے بارے میں بتایا گیا جو 2018 سے فعال نجکاری کی فہرست کا حصہ ہے۔ بورڈ نے دونوں فرموں کو پری کوالیفائی کرنے کی سفارش پر اتفاق کیا اور ساری کارروائی کو چلانے کی ہدایت کی اور کہا کہ  اس دوران مزید وضاحت کی اگر ضرورت ہو تو بولی دہندگان سے طلب کی جائیں۔

سی ای او ایچ بی ایف سی نے بورڈ کو کارپوریشن کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نےمستقبل کے لائحہ عمل کو بھی  اجاگر کیا اور اس ضمن میں کیے گئے اقدامات کی وضاحت کی اور پی سی آرڈیننس 2000 کے تحت ان اقدامات کے لیے پی سی بورڈ سے منظوری طلب کی۔ بورڈ نے تجویز کو سراہتے ہوئے تجویز دی کہ کہ ایچ بی ایف سی  کی نجکاری کا لین دین پیشگی مرحلے میں ہے اور اس مرحلے پر مالی مضمرات کے حامل کسی بھی اقدام سے گریز کیا جا سکتا ہے۔ مزید برآں ممکنہ خریدار کو اس کے کاروباری منصوبے اور ضروریات کے مطابق اصلاحات متعارف کرانے کا انتخاب دیا جا سکتا ہے۔

بورڈ نے نجکاری کمیشن کے 30 جون 2014 کو ختم ہونے والے سال کے آڈٹ شدہ کھاتوں پر بھی غور کیا اور آڈٹ شدہ کھاتوں کو حتمی شکل دینے میں بورڈکی آڈٹ کمیٹی کی کوششوں کا اعتراف کیا تاہم بورڈ نے کچھ وضاحتیں طلب کیں اور خواہش کی کہ بورڈ انتظامیہ کی وضاحتیں بورڈ کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں ۔