نگران صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر کا مفت آٹا سکیم کا جائزہ لینے کے لیےفیروزوالا کا اچانک دورہ

4

لاہور،29 مارچ (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے حکومت پنجاب کی جانب سےشروع کی گئی مفت آٹا سکیم کا جائزہ لینے کے لیےفیروزوالا کا اچانک دورہ کیا اور شہریوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

 نگران صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر فیروزوالا میں قائم مفت آٹا پوائنٹ پر بدنظمی دیکھ کر شدید برہم ہوئے اور ناقص انتظامات پر اسسٹنٹ کمشنر فیروزوالا کی سرزنش کی۔ انھوں نے انتظامیہ کو آٹا پوائنٹ پر انتظامات کو فوری طور پر بہتر بنانے اور بدنظمی ختم کرنے کی ہدایت کی۔

صوبائی وزیر نے  مفت آٹا پوائنٹ پر شہریوں کی سہولت کے لئے فوری انفارمیشن ڈیسک قائم کرنے  اور عوام کو بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹریشن کروانے کے حوالے سے مکمل آگاہی دینے کی ہدایت کی۔ انھوں نے مزید کہا کہ مفت آٹا پوائنٹس پرشہریوں کی سہولت اور  آگاہی کے لئے بروشرز تقسیم کیے جائیں اور سمارٹ کارڈ نہ رکھنے والے مستحق شہریوں کیلئے مینول رجسٹریشن کا  آغاز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مفت آٹے کے حصول کے لیے اہل کوئی شہری  آٹے کے حصول کے بغیر واپس نہ جائے۔