صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر کا  شالامار ٹاؤن لاہور کے تین مفت آٹا پوائنٹس کا دورہ

20

لاہور،29 مارچ (اے پی پی): صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر  نے  شالامار ٹاؤن لاہور کے تین مفت آٹا پوائنٹس ماڈل بازار ہربنس پورہ، صدیق پیلس مارکی، اور تاج پیلس عاصم ٹاؤن میں قائم آٹا پوائنٹس کا دورہ کیا۔ انہوں  نے حکومت پنجاب کی جانب سے بنائے گئے مفت آٹا پوائنٹس پر شہریوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور ہربنس پورہ فری آٹا پوائنٹ پر بزرگ عورتوں اور بچوں کے ہمراہ آئی خواتین کی سہولت کے لیے الگ قطار بنانے کا حکم دیا  اور کہا کہ سڑک سے ہٹ کر محفوظ مقام پر مستحقین کی قطاروں اور بیٹھنے کا انتظام کیا جائے۔

عامر میر نے مفت  آٹا پوائنٹ صدیق پیلس میں ناقص انتظامات پر انچارج علی شاہد کی سرزنش کی اور اسسٹن کمشنر شالامار ٹاون کو مفت آٹا پوائنٹ صدیق پیلس کا انچارج تبدیل کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے  عوام کی رہنمائی کے لئے ہر آٹا پوائنٹ کے داخلی دروازے پر انفارمیشن کاؤنٹر لگانے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ  عوامی سہولت کیلئے مفت آٹا پوائنٹس پر  سرکاری عملے کی تعداد فوری طور پر بڑھائی جائے۔ انہوں  نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مستحقین کو آج سے 10 کلو آٹے کے 2 تھیلے دئے جا رہے ہیں ۔