لاہور۔10مارچ (اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور میں 3 منصوبوں کے دورے کئے اور ترقیاتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے سی بی ڈی بلیوارڈ گلبرگ انڈرپاسز، لاہور برج توسیعی منصوبے اور سمن آباد انڈرپاس پراجیکٹ کا دورہ کیا۔محسن نقوی نے تینوں منصوبوں پر کام کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔انہوں نے منصوبوں پر تعمیراتی کامو ں کا معائنہ کیا اور کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے تینوں منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے، ٹریفک کی روانی کیلئے منصوبوں کی جلد تکمیل ضروری ہے، تعمیراتی کاموں کے دوران ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے بہترین مینجمنٹ کی جائے اور ٹریفک کی روانی کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ منصوبوں کے باعث عوام کو آمد و رفت میں وقتی دشواریاں ہیں۔منصوبوں کے امور کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے، تاخیر نہیں ہونی چاہیئے۔انہو ں نے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل دی گئی ڈیڈلائن کے اندر یقینی بنائی جائے، عوامی اہمیت کے ان منصوبوں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں۔وزیراعلیٰ نے گلبرگ، فیروز پور روڈ، ملتان روڈ، گلشن راوی اور سمن آباد میں ٹریفک کے متبادل نظام کا بھی معائنہ کیا جبکہ وزیراعلیٰ کو منصوبوں کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔
صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، سیکرٹری ہا ئوسنگ، سیکرٹری اطلاعات،کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او، چیف ٹریفک آفیسر، ڈی جی پی ایچ اے، ایم ڈی واسا اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔