گورنر پنجاب سے چائنیز کمپنی کے وفدکی ملاقات

3

لاہور۔10مارچ  (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے  جمعہ کے روز  یہاں گورنر ہائوس لاہور میں چائنیز کمپنی ینگ لی سولر کے جنرل منیجر سیلز ایلن چینگ (Allen Geng) کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران یونیورسٹی آف لاہور کے ڈائریکٹر ابو ذر غفاری بھی وفد کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ چائنہ پاکستان کا قابل اعتماد دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو 2013  میں انرجی بحران سے نکالنے میں چائنہ کا کلیدی کردار تھا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری خطے کی معاشی اور سماجی ترقی کے لیے گیم چینجر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت میں معاشی اور سماجی ترقی کے اس اہم منصوبے کو نظر انداز کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سی پیک منصوبے کو دوبارہ موثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔گورنر پنجاب نے چائنیز کمپنی کی طرف سے 2013 میں ایوان صدر کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے کو سراہا۔انہوں نے چائینز کمپنی کو گورنر ہائوس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبہ پر کام کرنے کی دعوت بھی دی۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ توانائی بحران اور ماحولیاتی آلودگی کے تناظر میں شمسی توانائی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔گورنر پنجاب  نے کہا کہ پنجاب میں شمسی توانائی کے منصوبوں پر کام کرنے کے لیے سازگار ماحول میسر ہے۔