نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا سیالکوٹ کا اچانک دورہ،مفت آٹے کی تقسیم کا جائزہ لیا

8

سیالکوٹ،27 مارچ(اے پی پی): نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی  نے سیالکوٹ کا اچانک دورہ کیا   اورمفت آٹے کی تقسیم کا جائزہ لیا۔

 نگران  وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے سمبڑیال روڈ رحمت ہال اور انوار کلب سیالکوٹ میں قائم سنٹرز کا دورہ کیا۔انہوں نےسمبڑیال روڈ رحمت ہال میں آٹے کی عدم دستیابی پر شہریوں کی شکایات پرشدید برہمی کا اظہار کیا۔وزیر اعلی کی موجودگی میں ہی ٹرک فوری طورپرآٹا لے کر سنٹر پہنچ گیا جہاں شہریوں کو 10کلو آٹے کے 2،2تھیلے بالکل مفت تقسیم کئے گئے۔

محسن نقوی نے شکایات نوٹ کیں اور اپنے عملے کو ازالے کیلئے ہدایات دیں۔اس موقع پر نگران وزیر اعلی پنجاب  محسن نقوی نے سنٹر زپرمفت آٹے کی تقسیم کے انتظامات کا مشاہدہ کیا۔انہوں نے شہریوں سے آٹے کی دستیابی اور سہولتوں کے بارے میں پوچھا۔شہریوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں تصدیق نہ ہونے کے بارے میں بھی شکایات کیں۔

اس موقع پر نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کے لئے موثر میکنزم بنایاہے ۔سیلاب کے باعث پھلوں کی قلت ہے،ہم پھل امپورٹ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مفت آٹے کی فراہمی میں تعطل نہیں آنا چاہیئے،سنٹرزپر موجود شہریو ں کو ہر صورت آٹا ملنا چاہیئے،مفت آٹا سنٹرز کے دور وں کا مقصد سہولتوں کا جائزہ لینا ہے اور صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔