سکھر:سرسو کیجانب سے پانچ اضلاع میں مکانوں کی تعمیر نو کے منصوبے پر ورکشاپ منعقد  

1

 

سکھر،27مارچ (اے پی پی): سرسو کی جانب سے پانچ اضلاع میں مکانوں کی دوبارہ تعمیر میں معاونت کی جا رہی ہے اس حوالے سے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، ترجمان سرسو جمیل سومرو کے مطابق سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن (سرسو ) ہیڈ کوارٹر میں ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او ) سرسو محمد ڈتل کلہوڑو اور ہاوسنگ پروجیکٹ کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

 ہاوسنگ پروجیکٹ کے آغاز کے حوالے سے منعقدہ ورکشاپ میں سی ای او سرسو نے شرکاءکا خیرمقدم کیا، سندھ کے پانچ اضلاع میں مکانوں کی دوبارہ تعمیر کے لئے اپنائی جانے والی مختصر حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ مکانات کی دوبارہ تعمیر کیلئے ایس پی ایچ ایف ٹیم نے اس ہاوسنگ پروجیکٹ کے نفاذ میں سرسو کے مقاصد اور کردار کے بارے میں تفصیلات شیئر کیں۔

 ایس پی ایچ ایف انجینئر نے مکانات کی مختلف اقسام اور ماڈلز ( نقشہ جات ) پیش کئے جنہیں مختلف علاقوں میں مکانات کی تعمیر میں اپنایا جا سکتا ہے۔ جن پانچ اضلاع میں پروجیکٹ شروع کیا گیا ہے ان میں لاڑکانہ، خیرپور، قمبر، شہداد کوٹ، شکارپور اور جیکب آباد شامل ہیں۔ سرسو ان علاقوں میں کثیر خطرات سے بچنے والے مکانات کی تعمیر نو میں کمیونٹیز کی مدد کر رہا ہے۔