سیالکوٹ۔3مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)تعلیم کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی غیر نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھی کوشاں ہے، وزیراعظم سکیم کے تحت اس سال ایک لاکھ بچوں کو لیپ ٹاپ دیں گے، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مجھے معاون خصوصی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سب سے پہلی ہدایت لیپ ٹاپ پروگرام کو دوبارہ سے بحال کرنے کی ہی کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی سیالکوٹ میں پرائم منسٹریوتھ پروگرام کے تحت ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ میں خواتین والی بال ٹرائلز کے موقع پر مرتب کردہ پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق لیپ ٹاپ سکیم کا سلسلہ جہاں سے ٹوٹا تھا دوبارہ وہیں سے شروع کر رہے ہیں تاکہ اپنے نوجوانوں کو ان کی قابلیت کے مطابق آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)نے 2013 ء میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام شروع کیا ، اس سے قبل شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب لیپ ٹاپ سمیت ای لیبز اور سپورٹس فیسٹیولز شروع کیے جن کا مقصد طالب علموں کو ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جس سے وہ آگے بڑ ھ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اس سال کو نوجوانوں کا سال قرار دیا ہے جس میں ہم پورے پاکستان کے اندر نوجوانوں کے لیے تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے بھی اہم مواقع فراہم کرنے جا رہے ہیں ۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جو ہمارا مستقبل بھی ہیں، ہم اپنی نوجوان نسل کو ایسے پرواگراموں کے ذریعے وہ پلیٹ فارم مہیا کرنے جا رہے ہیں جس سے وہ مستقبل میں مزید نکھر کر سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنی نوجوان نسل کے ساتھ کھڑی ہے، تعلیم کا میدان ہو یا کھیل کا یا پھر ملازمت کے موقع ہوں ہماری حکومت ہر صورت میں نوجوان نسل کے ساتھ ہے اور ان کے مستقبل کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے نوجوانوں کواپنے چھوٹے چھوٹے کاروبار کے فروغ کے لیے سود کے بغیر قرضےفراہم کر رہے ہیں تاکہ ہمارے نوجوان اس کاروباری قرضے کی مدد سے اپنے کاروبار شروع کر کے اپنے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کے استحکام کے لیے بھی اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔