کراچی،15مارچ (اے پی پی): وفاقی محتسب کے سینئر ایڈوائزر اور ریجنل آفس کراچی کے انچارج سید انوار حیدر نے کہا ہے کہ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ وفاقی حکومت کے مختلف محکموں اور اداروں کے خلاف عوامی شکایات کے ازالے کے لئے کوشاں ہے اور شکایات کنندگان کو کم سے کم وقت میں اور بغیر کسی فیس کے ریلیف فراہم کر رہا ہے۔
بدھ کو پوسٹل لائف انشورنس کمپنی کی جانب سے انشورنس کلیم کی رقم کے چیک دعویداروں کے حوالے کرنے کی تقریب کیبعد ”اے پی پی” سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کو پوسٹل لائف انشورنس کمپنی اور اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی جانب سے انشورنس کلیمز کی ادائیگی میں تاخیر کی متعدد شکایات موصول ہوئیں اور شکایات کے ازالے کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے اور شکایت کے ازالے کو یقینی بنایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سارہ فاطمہ نے محتسب کو شکایت درج کروائی کہ پی ایل آئی سی ان کے متوفی بیٹے عدنان احمد کی انشورنس پالیسی کے حوالے سے ڈیتھ کلیم کی ادائیگی میں تاخیر کر رہی ہے، پی ایل آئی سی کو نوٹس بھیجا گیا جس پر انہوں نے نہ صرف اپنی غلطی کا اعتراف کیا بلکہ دعویدار کو کلیم کی رقم کا چیک بھی کردیا گیا۔
سید انوار حیدر نے بتایا کہ ریجنل آفس کراچی میں 6ایڈوائزر ہیں جو سالانہ 24ہزار سے زائد کیسز نمٹا رہے ہیں اور متاثرہ شہریوں کو ریلیف فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے بیشتر فیصلوں کی متعلقہ حکام نے تعمیل کی ہے کیونکہ محتسب سیکرٹریٹ مئوثر طریقے سے مقدمات کی پیروی کرتا ہے اور فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بناتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمل درآمد کے نمایاں تناسب کی وجہ متعلقہ قوانین کے تحت وفاقی محتسب کو از خود نوٹس، توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے اور عدم تعمیل پر ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کے اختیارات حاصل ہیں۔