سیاسی کارکنوں کی اشتعال انگیزی کے باوجود پولیس فورس نے تحمل کا مظاہرہ کیا، قانون شکنی کرنیوالوں کیخلاف قانون اپنا راستہ بنائیگا،محسن نقوی

4

لاہور۔15مارچ  (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے  بدھ کے روز ایک بار پھر سروسز ہسپتال کا دورہ کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھرا ئو سے زخمی ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد شہزاد بخاری، ایس ایچ او تھانہ کوٹ لکھپت اشفاق، ایس ایچ او تھانہ نشتر شبیر اعوان اور دیگر پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کی عیادت کی۔وزیراعلی محسن نقوی فردا فردا  زخمی پولیس افسروں اور اہلکاروں کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی۔وزیراعلی محسن نقوی  نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمی پولیس افسروں اور اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلی محسن نقوی  نے زخمی ڈی آئی جی،ایس ایچ اوز اور اہلکاروں کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم سب آپ کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔پنجاب حکومت پولیس افسروں اور جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔سیاسی کارکنوں کی اشتعال انگیزی اور پتھرائو کے باوجود پولیس فورس نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔ پولیس فورس کے افسر اور جوان فرض کی ادائیگی کے دوران زخمی ہوئے۔ہماری تمام تر ہمدردیاں زخمی پولیس افسران اور اہلکاروں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف قانون اپنا راستہ بنائے گا۔اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب بھی ہمراہ تھے۔