اوکاڑہ۔ 02 مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ پاکستان کو سر سبزو شاداب بنانے کے لئے موسم بہار شجر کاری مہم میں ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہے ہرشہری اپنے والدین اور بچوں کے نام کا پودا لگائے اور اس کی دیکھ بھال کرے ،پودے لگانے کی مہم ہماری اجتماعی کاوشوں سے ہی کامیاب ہو سکتی ہے وطن عزیز کا مستقبل شجر کاری سے جڑا ہوا ہے یہ آنے والے وقتوں کی بہترین سرمایہ کاری ہے اپنی آنے والی نسلوں کو ایک خوشگوار اور صاف ستھری فضا فراہم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں انہوں نے کہا کہ درخت لگانے کے مثبت اثرات پورے ملک میں محسوس ہوں گے ہمیں آنے والی نسلوں کو ایک صحتمند سر سبز اور صاف پاکستان دیناہےجس کے لئے ہمیں متحد ہو کر آگے بڑھنا ہے اور درخت لگانے کی مہم کو کامیاب بنانا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس کے لان میں موسم بہار شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن خورشید جیلانی ،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مرغوب حسین ڈوگر ،سول ڈیفنس آفیسر وقار اکبر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ انوش ڈینئیل،ایس ڈی او فاریسٹ افتخار حسین جنجوعہ ،سپرنٹنڈنٹ گارڈن قیصر بشیر ناگی سمیت ضلعی افسران نے شرکت کی ۔ ایس ڈی او فاریسٹ افتخار حسین جنجوعہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حالیہ موسم بہار شجر کاری مہم میں ضلع اوکاڑہ میں 10لاکھ43ہزار پودے لگائے جائیں گے جبکہ اب تک 4لاکھ 46ہزار پودے لگائے جا چکے ہیں اور اس سلسلہ میں سکول ،کالجزسمیت دیگر سرکاری اداروں کو بھی پودے فراہم کئے جا رہے ہیں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف سے موسم بہار شجر کاری مہم کی مناسبت سے پودا لگایا مہم کی کامیابی اور ملکی سلامتی کے لئے دعا بھی کی ۔











