پاکپتن، 01 مارچ (اے پی پی ): ملک بھر کی طرح پاکپتن میں بھی تاریخ کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر پاکپتن امتیاز احمد کھچی نے ضلعی افسران کے ہمراہ ڈیجیٹل مردم شماری کا افتتاح کیا۔ضلع بھر میں 22چارجز، 195 سرکلز اور 1666 بلاکس بنائے گئے ہیں جبکہ 151 سپروائزرز اور 933 شمارکنندگان گھر گھر جا کر ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت ہر گھر کے افراد کا ڈیٹا اکٹھا کر رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی ڈیجیٹل مردم شماری کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر امتیاز احمد کھچی کا کہنا تھا کہ شہری مردم شماری کرنے والے عملہ سے تعاون کریں اور درست ڈیٹا فراہم کریں۔