پنجاب کلچر ڈے کے نئے لوگو کی منظوری، پنجاب کلچر ڈے اب پنجاب ثقافتی دیہاڑ کہلائے گا

47

لاہور۔7مارچ  (اے پی پی):صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب کلچر ڈے کے نئے لوگو   کی منظوری دی گئی۔اجلاس کا انعقاد الحمرا میں ہوا جس میں سیکرٹری اطلاعات و ثقافت علی نواز ملک،ایڈیشنل سیکرٹری کلچر نازیہ جبین اور دیگر افسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر کی ہدایت پر لوگو میں مرد کے ساتھ عورت کو بھی نمائندگی دی گئی ہے جبکہ پنجاب کلچر ڈے اب پنجاب ثقافتی دیہاڑ کہلائے گا۔عامر میر  نے اس موقع  پر کہا کہ پنجاب کلچر ڈے پر پنجاب کی علاقائی ثقافت کو  اجاگر کیا جائے گا۔ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگویج اینڈ لٹریچر (پلاک) اس برس پنجاب کلچر ڈے کی تقریبات کی میزبانی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں سرکاری سطح پر کلچر ڈے کی تقریبات کا انعقاد ہوگا۔پنجاب کی زبان و ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے پنجاب کلچر ڈے پر خصوصی پروگراموں کا انعقاد ہو گا۔ تقاریب میں پنجاب کے صحرائی میدانی، پہاڑی علاقوں کی ثقافت کو اجاگر کیا جائے گا۔پنجاب کلچر ڈے کی مرکزی تقریب الحمرا ہال لاہور میں منعقد ہو گی جہاں ثقافتی ویلیج، کلچرل شو، ثقافتی سٹالز، لڈی،بھنگڑا اور دیگر تقریبات کا انعقاد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں اور  کالجوں کی سطح پر ثقافتی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا اور کلچر ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریبات میں پنجاب کی ثقافت کے تمام رنگ نمایاں ہونگے۔عامر میر نے ہدایت کی کہ کلچر ڈے تقریبات میں نوجوانوں کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے۔