تھرپارکر ۔ 01 مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر تھرپارکر لعل ڈنو منگی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سنجے کمار کے ہمراہ مردم شماری کے عمل کا جائزہ لینے کے لیے مٹھی اور ڈیپلو شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے مردم شماری کے عملے کی جانب سے ٹیبلیٹ میں ڈیٹا فیڈ کرنے کے کام کو چیک کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر لعل ڈنو منگی نے کہا کہ یہ پاکستان کی ساتویں اور پہلی ڈیجیٹل مردم شماری ہے۔ مردم شماری کے دوران پورے ایک ماہ تک مردم شماری کا عملہ گھر گھر جا کر ٹیبلیٹس میں ڈیٹا فیڈ کرے گا۔ مردم شماری سے قبل عملے کو تربیت فراہم کی گئی ہے جبکہ مؤثر نگرانی کا نظام بھی بنایا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے کہا کہ تعلقہ سطح پر کنٹرول رومز قائم کیئے گئے ہیں اور اسسٹنٹ کمشنرز تحصیلوں کی سطح پر مردم شماری کے عمل کی نگرانی کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر تھرپارکر لعل ڈنو منگی ڈیپلو شہر پہنچ کر ڈیپلو میں ڈیجیٹل مردم شماری کے عمل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر عملے کی جانب سے لوڈشیڈنگ کی وجہ سے سروس نہ ہونے کی شکایت کی۔