کمشنر محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت لاہور شہر کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس

15

لاہور،29 مارچ(اے پی پی): کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا نے لاہور شہر کے مختلف ترقیاتی منصوبوں  کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔چیف انجینئر اسرار سعید خان اور متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹر نے اجلاس کو مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی۔

اجلاس میں گلبرگ سے ڈیفنس موڑ تک سگنل فری منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت گھوڑا چوک ڈیفنس پر دولین پر مشتمل ایک روئیہ فلائی اوور بھی تعمیر ہوگا جبکہ کیولری چوک پر دو لین پر مشتمل دو روئیہ انڈر پاس تعمیر کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت ڈیفنس موڑ کی ری ماڈلنگ بھی کی جائے گی۔

کمشنر لاہور نے بیدیاں روڈ نواز شریف انٹرچینج پر انڈرپاس کی تعمیر کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا۔ملٹی لیول فلائی اوور شاہدرہ منصوبے سے متعلقہ امور پر  تفصیلی بریفنگ لی گئی۔کمشنر لاہور نے کہا کہ ان منصوبوں سے صوبائی دارالحکومت میں ٹریفک کے مسائل حل ہونگے۔ اجلاس میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ کے اطراف میں جاری ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا گیا ۔

اجلاس میں چیف انجینئر اسرار سعید خان ، ڈائریکٹر ڈی جی ہیڈ کوارٹر، پراجیکٹ ڈائریکٹرز، نیسپاک انجینئر و متعلقہ افسران نے شرکت کی۔