مظفرگڑھ،22 مارچ (اے پی پی ): کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے مظفرگڑھ کا اچانک دورہ کیا اور فیصل سٹیڈیم،ضلع کونسل، پوسٹ گریجویٹ کالج اور خورشیدہ آباد میں قائم مفت آٹا پوائنٹس کا جائزہ لیا۔
کمشنر ڈی جی خاں نے مراکز میں بہتر انتظامات اور مسلسل کام کرنے پر افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔انہوں نے کہا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو انعام اور سرٹیفیکٹ بھی دیئے جائیں گے۔
کمشنر ڈی جی خاں نے ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی اور پوری ٹیم کی مفت آٹا پوائنٹس پر بہتر کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ مفت آٹے کی فراہمی کے لیے مظفرگڑھ میں کئے گئے اقدامات ڈویژن بھر میں نمایاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماہ صیام میں 7 لاکھ آٹے کے تھیلے مفت تقسیم کئے جائیں گے،اب تک 2 لاکھ آٹے کے تھیلے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
کمشنر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ عوام تک مفت آٹے کی فراہمی کو یقینی بنانا میری اولین ترجیح ہے، شہریوں کی سہولیات کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔