گلگت،01مارچ(اے پی پی): پاکستان کی ساتویں اور پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز پورے پاکستان سمیت گلگت بلتستان میں بھی شروع ہوگیا۔اس ضمن میں سیکریٹری داخلہ گلگت بلتستان رانا محمد سلیم افضل نے منگل کے روز گلگت میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس بلاک سطح کی مردم شماری میں گلگت بلتستان میں مجموعی طور پر 1339 بلاکس ہیں۔31 بلاکس میں برفباری اور راستے بلاک ہونے کی وجہ سے مئی 2023 میں مردم شماری ہوگی ۔ یہ مردم شماری دو مراحل میں مکمل ہوگی ۔پہلا مرحلہ یکم مارچ سے 16 مارچ اور دوسرا مرحلہ 17 مارچ سے یکم اپریل تک ہوگا۔پہلے مرحلے میں 1339 بلاکس میں سے 678 بلاکس میں مردم شماری ہوگی جبکہ دوسرے مرحلے میں 583 بلاکس میں مردم شماری کا عمل مکمل کیا جائے گا ۔ بقایاہ 78 بلاکس میں مردم شماری کا عمل مئی 2023 میں پائے تکمیل کو پہنچے گا۔ مردم شماری کے اس عمل کو احسن طریقے سے مکمل کرنے کے لئے ہر شمار کندہ کو مکمل تربیت دی گئی ہے اور ٹیبلیٹ فراہم کئے گئے ہیں ۔ ٹیبلیٹ کو انٹرنیٹ سے منسلک کیا گیا ہے۔حاصل کردہ معلومات کے مکمل تحفظ کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹیبلیٹ کسی اور کمپیوٹر یا ڈیوائس سے کونیکٹ نہیں ہوسکتے اور نہ کوئی شخص انٹرنیٹ کے ذریعے ان معلومات تک رسائی حاصل نہیں کر سکتا ۔یہ ٹیبلیٹ آف لائن اور آن لائن دونوں طریقوں سے کام کرے گا ۔