کراچی،23مارچ (اے پی پی):گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے یوم پاکستان کے موقع پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پرحاضری دی جہاں انہوں نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی یوم پاکستان کے موقع پر مزار قائد آمد پر صوبائی وزراء، مشیران اور چیف سیکرٹری نے ان کا استقبال کیا ۔ گورنرسندھ کی آمد پر وزیراعلیٰ نے ان کا استقبال کیا۔ انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آج یوم پاکستان کے موقع پر قائد کے مزار پر آئے ہیں،سندھ اسمبلی کو اعزاز حاصل ہے جس نے پاکستان کی قرارداد منظور کی۔انہوں نے کہا کہ ملک کو ایک بار پھر دہشت گردی کا سامنے ہے اور ہم نے اتحاد اور یکجہتی سے اس کا مقابلہ کرنا ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آج کے دن ہمیں کشمیری بھائیوں کی جدوجہدکو بھی نہیں بھولنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ رمضان شریف کے مہینے میں ہم بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام کے تحت 7.8 ملین خاندانوں کو دو ہزار روپے آٹے کی مد میں دے رہے ہیں،جن کا نام بی آئی ایس پی میں نہیں وہ اپنا نام رجسٹر کروا سکتے ہیں، ہم صوبے بھر میں بچت بازار لگا رہے ہیں، پرائس کنٹرول کے لیے آرڈیننس آج لاگو ہو جائے گا۔