یوم پاکستان پر ملتان آرٹس کونسل میں تصویری نمائش کا انعقاد،طلباء و طالبات کی شرکت

20

ملتان ، 23 مارچ (اے پی پی ): ڈائریکٹر کالجز ملتان ڈاکٹر فرید شریف نے ملتان آرٹس کونسل کے زیر اہتمام یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تصویری نمائش کا افتتاح کر دیا ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب میں ڈائریکٹر کالجز ملتان ڈاکٹر فرید شریف نے کہا ہے کہ  زندہ قومیں نہ صرف اپنے تاریخی ورثے کی حفاظت کرتی ہیں بلکہ اگلی نسلوں تک منتقل بھی کرتی ہیں، تصاویر کے ذریعے نوجوان نسل کو تاریخ سے روشناس کرانا احسن اقدام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی بے پناہ قربانیوں کے نتیجے میں وجود میں آیا تھا۔

 اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل سلیم قیصر کا کہنا تھا کہ تحریک آزادی پر مبنی نادر و نایاب تصویریں ہمارا قیمتی اثاثہ ہے، نمائش کا مقصد نوجوان نسل کو جدوجہد آزادی سے آگاہ کرنا ہے۔

 اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زاہد اقبال اور علیم شہزاد بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ نمائش دیکھنے کے لیے طلباء و طالبات کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔