اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے خیبر پختونخوا کے پینتیس اضلاع میں کمیٹیاں قائم کی جارہی ہے؛ساجد طوری

6

پاراچنار،25اپریل(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز اور انسانی وسائل ساجد طوری نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے خیبر پختونخوا کے پینتیس اضلاع میں کمیٹیاں قائم کی جارہی ہے جو اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں منعقدہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز ساجد طوری نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں، عرب امارات میں اوورسیز کے اٹھاون کروڑ روپے متعلقہ لوگوں سے لیکر پاکستانیوں کے حوالے کئے گئے ہیں جبکہ بیرونی ممالک میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ایک ارب روپے متعلقہ لوگوں سے لیکر ورثاء کے حوالے کئے گئے ہیں۔

 ساجد طوری کا کہنا تھا کہ یورپ ، عرب امارات اور دیگر ممالک میں پاکستانیوں کے مسائل کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور تین ہزار نو سو اوورسیز کی شکایات میں سے تین ہزار شکایات کو حل کیا گیا ہے جبکہ فوتگی کی صورت میں نعشوں کو پی آئی اے کے ذریعے پاکستان مفت پہنچایا جارہا ہے۔

ساجد طوری کا کہنا تھا کہ سینتالیس ہزار بلاک پاسپورٹوں کو کھول لیا گیا ہے اور ہر فورم پر اوورسیز کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے کام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ یکم مئی کو اسلام آباد میں ذوالفقار علی بھٹو ورکر یونیورسٹی کے منصوبے کا اعلان کیا جائے گا جس میں فری ایجوکیشن دی جائے گی۔

 تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر معظم خان بنگش ، اسسٹنٹ کمشنر انور خان ، چیئرمین سید اصغر ، حاجی جمیل حسین طوری نے دستر خوان امام حسن کے توسط سے ہنرمندوں میں مختلف کٹس اور سلائی مشینیں تقسیم کیں۔