اسلام آباد، 18 اپریل ( اےپی پی): بنگلہ دیش اور زمبابوے کے دوروں کے لیے پاکستان انڈر 19 اور پاکستان شاہینز کے کیمپ آج اختتام پذیر ہوگئے۔
پاکستان انڈر 19 کے کپتان سعد بیگ کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں اچھا نتیجہ دینے کے خواہاں ہیں، کیمپ میں بنگلہ دیش کے دورے کی تیاریاں اچھی رہی۔ اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ سیریز میں جس کھلاڑی کو بھی موقع ملے گا وہ اپنی 100 فیصد کارکردگی دے گا اور اپنی صلاحیتوں سے دکھائے گا کہ وہ پاکستان ٹیم کے لیے کیوں کھیلنے کا مستحق ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف ہماری پچھلی سیریز اچھی نہیں رہی تھی، ہم نے کیمپ میں اپنی غلطیوں کو دور کرنے کے لیے کام کیا ہے اور اس بارے میں کوچز سے بات کی ہے۔ ہم نے جو کچھ یہاں کیمپ سے سیکھا ہے اسے بنگلہ دیش میں سیریز میں نافذ کرنے کی کوشش کریں گے۔
سعد بیگ کی قیادت میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کا تربیتی کیمپ 8 سے 18 اپریل تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوا۔ پاکستان انڈر 19 کیمپ کے دوران، 17 رکنی اسکواڈ اور تین ریزرو کھلاڑیوں نے مختلف تربیتی سیشنز میں حصہ لیا جس میں دو پریکٹس میچز اور ایک ٹارگٹڈ میچ بھی شامل تھا، جو ایل سی سی اے گراؤنڈ میں منعقد ہوئے۔ پاکستان انڈر 19 ٹیم 26 اپریل کو لاہور سے بنگلہ دیش کے لیے روانہ ہوگی، جہاں ٹیم 30 اپریل سے 17 مئی تک ایک چار روزہ، پانچ 50 اوورز میچز اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔