لاہور، 5 اپریل(اے پی پی): صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے کہا ہے کہ جب تک رمضان میں تمام مستحقین کو آٹا نہیں مل جاتا، مفت آٹا سکیم جاری رہے گی، انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے کہ کوئی مستحق شہری مفت آٹے سے محروم نہ رہے۔
صوبائی وزیر نے تحصیل رائیونڈ کے مفت آٹا مراکز کا دورہ کے دوران وہاں شہریوں کو دی جانے والی سہولیات سمیت بلوسم مارکی رائیونڈ اور شیر شاہ ماڈل بازار میں قائم مفت آٹا پوائنٹس پر پہنچے اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر انھوں نے مفت آٹے کے لئے آئے مستحق شہریوں سے ملاقات کی اور ان سے درپیش مسائل بارے دریافت کیا۔
صوبائی وزیر عامر میر نے کہا کہ آٹا پوائنٹس پر شہریوں کا رش کم ہونے کے بعد ضرورت مند افراد اب باآسانی آٹا وصول کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے مفت آٹا سکیم کا دائرہ کار بڑھا دیا ہے اور اب بے نظیر کارڈ نہ رکھنے والے مستحقین بھی آٹے کی دو بوریاں لے سکتے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ عامر میر نے کہا کہ مفت آٹا سکیم غریب اور متوسط طبقے کی سہولت کے لئے شروع کی گئی ہے۔ یہ شہریوں کا حق ہے جو انھیں لوٹایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اب تک پنجاب بھر میں مستحقین میں 3 کروڑ 25 لاکھ سے زائد 10کلو آٹے کے بیگ تقسیم کر چکی ہے۔











