حسن ابدال: 2266 سکھ یاتری پنجہ صاحب حسن ابدال بیساکھی میلہ میں شرکت کے لئے پہنچ گئے

34

حسن ابدال،12اپریل(اے پی پی): بھارت سے پاکستان آئے ہوئے سکھ یاتری خصوصی بسوں کے ذریعے ننکانہ صاحب سے گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال بیساکھی میلہ میں شرکت کے لئے پہنچ گئے ہیں۔ 2266سکھ یاتری جب گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال پہنچے تو ضلعی اور تحصیل انتظامیہ نے انھیں ہار پہنائے اور خوش آمدید کہا ہے۔ سکھ یاتریوں کو جن بسوں میں لایا گیا ان کے ہمراہ بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی جبکہ گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال کے اہم روڈ کو انکی آمد پر مکمل سیل کر دیا گیا اور ہر قسم کی آمدورفت روک دی گئی۔ سکھ یاتری تین روز قیام کے بعد 14 اپریل کو واپس روانہ ہو جائیں گے۔ ڈی پی او اٹک نے سکھ یاتریوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی ہے۔ 850سے زائدپولیس کے افسران اورجوان سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ اس کے علاوہ  26 ایلیٹ سیکشنز بھی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔