زمونگ کور کے یتیم بچوں کے لئے  تین روزہ سیاحتی دورہ

23

پشاور،27 اپریل(اے پی پی):خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور چائلڈ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام زمونگ کور کے یتیم اور بے سہارا بچوں کیلئے تین روزہ سیاحتی دورہ اختتام پذیر ہوگیا۔

 بچوں نے عیدالفطر کی تعطیلات گلیات اور ہزارہ کے مختلف سیاحتی مقامات پر سیروتفریح میں گزاریں۔ بچوں کو شملہ پہاڑی، الیاسی مسجد، ہرنوں پارک، سجی کوٹ آبشار، نتھیاگلی پارک،لالہ زار پارک سمیت مختلف سیاحتی مقامات کی سیر کرائی گئی۔

منیجر ایونٹس خیبرپختونخواکلچراینڈ ٹورازم اتھارٹی حسینہ شوکت کا کہنا تھا کہ جس طرح عام شہریوں کی عیدالفطر ہوتی ہے ایسے میں یہ بچے بھی کسی سے کم نہیں اور کہا کہ عید کی خوشیاں ان کے ساتھ حسین مقامات پر منانا اور ان کو یہ سہولیات فراہم کرنا ضروری تھا جس وجہ سے ان بچوں کیلئے خصوصی سیاحتی دورے کا انعقاد کیا گیا، دورے میں بچوں کی خوشیاں دیدنی تھی۔ انہوں نے کہاکہ عید کے موقع پر سیاحتی مقامات کے دورے کیلئے بچوں کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔بچوں نے ہرنوں پارک،نتھیاگلی پارک، سجی کوٹ آبشار سمیت تمام مقامات پر خوب کھیل کود میں حصہ لیا۔