سکھر،25اپریل(اے پی پی):سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے روہڑی میں کیٹل کالونی کا افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روہڑی میں کیٹل کالونی کا قیام شہر کی اہم ضرورت تھی شہری بھینسوں کے باڑوں کی وجہ سے سخت مشکلات کا شکار تھا یہ کیٹل کالونی 40کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہوئی ہے جلد باڑوں کی منتقلی کا عمل شروع ہوجائے گا اس موقع پر رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ و دیگر سیاسی سماجی شخصیات نے بھی افتتاح میں شرکت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کو اپنی انا کو چھوڑ کر ملک کی خاطر سوچنا چاہیے اور اپنے اداروں کا تقدس کا خیال بھی رکھنا چاہیے عدلیہ کو اپنا اور پارلیمنٹ کو اپنا کام کرنا چاہیئے عدالتی نظام سے لوگوں کو عدل و انصاف کی توقع ہوتی ہے ان کا کہنا تھا کہ سب کو تین رکنی بینچ کے فیصلے پر اعتراض ہے تو اس پر لارجر بنچ بنانے میں کوئی حرج نہیں ہونا چاہئے بلکہ اس سے عدلیہ کے وقار میں مزید اضافہ ہوگا آئین کے مطابق پارلیمنٹ سپریم ہے سپریم کورٹ صحیح فیصلے کرے گی تو تو بہتر ہوگا ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتی قانون کے مطابق کسی کی دل آزاری ہوتی ہے تو اسے حقوق حاصل ہیں پیپلزپارٹی نے کبھی سیاسی انتقامی کاروائی نہیں کرتی بلکہ ہمیشہ اسے انتقامی کاروائیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے ہمارے 80 ہزار جیالوں نے کوڑے کھائے ہیں اور ہمارے رہنماوں کو جیل میں رکھا گیا ہے۔