سکھر: سرسو کے زیر اہتمام سرتیوں سنگ کی دستکاری مصنوعات پر عید پر خصوصی رعایت کا افتتاح کر دیا گیا

13

سکھر۔ 09اپریل(اے پی پی): سرتیوں سنگ کی دستکاری مصنوعات پر عید پر خصوصی رعایت کا افتتاح کر دیا گیا ۔ ورلڈ بینک کی کنسلٹنٹ ڈاکٹر سیما نے چیف ایگزیکٹو آفیسر سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن ( سرسو ) محمد ڈتل کلہوڑو کے ہمراہ سکھر میں سرتیوں سنگ کی ہاتھ سے بنی مصنوعات کی تمام اسٹاک ویرائٹیز پر 60 فیصد تک کی عید کی خصوصی رعایت کی پیشکش کا افتتاح کیا۔

نمائش میں سرسو مین کمپلیکس سکھر کے احاطے میں دستکاری اشیا کا بڑا اسٹاک رکھا گیا ہے۔ ڈاکٹر سیما نے مجموعی طور پر مصنوعات کی رینج کا دورہ کیا اور سندھ کی دیہی کاریگر خواتین کے ساتھ کام کرنے کے لیے سرسو کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف روایتی دستکاری کو فروغ ملتا ہے بلکہ دیہی خواتین کاریگروں کو بھی بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا ہوتا ہے۔

اس موقع پر سی ای او محمد ڈتل کلہوڑو نے کہا کہ دستکاری خالصتاً گاؤں کی خواتین کی طرف سے بنائی گئی ہیں جو اپنی مصنوعات کی فروخت سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی حاصل کرتی ہیں۔

 دستکاری کی متعدد مصنوعات نمائش میں رکھی گئی ہیں جن میں اجرک، ریلیاں، ٹیکسٹائل مصنوعات، فیشن ملبوسات، کڑھائی والے ملبوسات، ہینڈ بیگ، کھجور کے پتوں اور گندم کے بھوسے سے تیار کردہ روایتی اشیاء، ہاتھ سے تیار کردہ زیورات ، دیوار پر لٹکانے اور چابی کی زنجیریں شامل ہیں ۔ یہ خصوصی رعائت رمضان کے مقدس مہینے تک جاری رہے گی۔ اس موقع پر منیجر کرافٹس انٹرپرائزز اینڈ ڈویلپمنٹ ریاض جلالانی، محترمہ حفیظہ بوزدار، محترمہ شازیہ لاڑک، محترمہ ثریہ آغا، نیاز سومرو اور دیگر بھی موجود تھے۔