فیصل آباد ۔5اپریل (اے پی پی):ریجنل وفاقی محتسب سیکرٹریٹ فیصل آباد کی عوامی مسائل کے حل کی جانب بڑی پیشرفت کے طور پر ٹرانسجینڈر کمیونٹی کے پرزورمطالبہ پران کیلئے خصوصی مرکز قائم کروا دیاگیا ہے جبکہ ریجنل وفاقی محتسب سیکرٹریٹ عوامی مسائل کے حل کیلئے بھرپور اقدامات اٹھا رہا ہے اور اس ضمن میں چونکہ ٹرانسجینڈر کمیونٹی کی طرف سے مطالبہ سامنے آرہا تھا کہ انکے سرکاری وفاقی اداروں سے متعلق مسائل اور شکایات کے ازالہ کیلئے ایک خصوصی ٹرانسجینڈر مرکز ہونا چاہیے تاکہ ان کے مسائل باقاعدہ طور پر متعلقہ اداروں تک پہنچیں اوران کا مناسب حل ہولہٰذا ان کامذکورہ دیرینہ مطالبہ پورا کروادیا گیا ہے۔سید غضنفر مہدی ایڈوائزر انچارج وفاقی محتسب ریجنل سیکرٹریٹ فیصل آباد نے یہ بات ریجنل آفس سیکرٹریٹ میں میڈیابریفنگ کے دوران بتائی۔اس موقع پر شاہد حسین جیلانی ایڈوائزر وفاقی محتسب، یاسر شبیر ملک اسسٹنٹ رجسٹرار ریجنل آفس اور ٹرانسجینڈر کمیونٹی کی کثیر تعدادبھی موجود تھی۔سید غضنفر مہدی نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ ٹرانسجینڈر کمیونٹی کے عبدالرحمان بلی اور انجم شہزاد کی طرف سے فروری 2023 میں درخواست گزاری گئی کہ فیصل آباد میں ٹرانسجینڈرز کثیر تعداد میں موجود اور مسائل میں گھرے رہتے ہیں لہٰذا سپریم کورٹ کے حکم اور ٹرانسجینڈر ایکٹ کے تحت ضروری ہے کہ ہر ضلع میں ٹرانسجینڈرز کے حقوق اور شکایات کے حل کیلئے ٹرانسجینڈر سنٹرز قائم ہوں تاکہ وہاں اس کمیونٹی کا ایک فوکل پرسن مقرر ہو جو انکے مسائل اور شکایات کو سرکاری اداروں تک پہنچائے اوروہ مسائل فوری حل ہوں مگر فیصل آباد میں سنٹر نہیں بنا لہٰذا وفاقی محتسب ریجنل آفس نے انکی درخواست منظور کرتے ہوئے اپنی سفارشات کے ساتھ اسے وفاقی محتسب اسلام آباد کو بھجوا یا جس پر وفاقی محتسب نے کاروائی کرتے ہوئے فروری میں ہی وزارت انسانی حقوق کمیشن کو اس بارے خط لکھا اوروزارت انسانی حقوق کمیشن نے فیصل آباد لوکل انتظامیہ کے ساتھ معاملہ اٹھایا جس پر انتظامیہ نے فیصل آباد خدمت مرکز میں جگہ دیتے ہوئے ٹرانسجینڈر سنٹر قائم کر دیا جہاں ٹرانسجینڈرنیناں چوہدری کو فوکل پرسن مقرر کردیا گیاہے۔ایڈوائزر انچارج ریجنل آفس وفاقی محتسب فیصل آباد نے بتایا کہ مذکورہ سنٹر کے قیام سے ٹرانسجینڈر کمیونٹی کا بڑا مطالبہ صرف ایک ماہ کی قلیل مدت میں پورا کرنے پر وہ وفاقی محتسب، وزارت انسانی حقوق کمیشن اور فیصل آباد انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرنے سمیت ٹرانسجینڈر کمیونٹی کے وفاقی محتسب پر اعتماد کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ سید غضنفر مہدی نے ٹرانسجینڈر کمیونٹی کو یقین دلایا کہ ریجنل آفس انکے مسائل کے حل کیلئے ہمہ وقت دستیاب ہے اسلئے اگر انکو کسی وفاقی سرکاری ادارے کے بارے کوئی بھی شکایت ہو تووہ بلا جھجک ریجنل آفس وفاقی محتسب سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ سید غضنفر مہدی نے میڈیا کا شکریہ ادا کیا اورتوقع ظاہر کی کہ میڈیا عوامی مسائل اجاگر کرتااور لوگوں کو اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے وفاقی محتسب کاپیغام عوام تک پہنچاتا رہے گا تاکہ لوگوں کے مسائل کے حل کرنے میں آسانی سمیت انہیں آگاہی ملتی رہے۔











