فیصل آباد میں عوام کی سہولت کیلئے 5 ڈرائیونگ سکول بنا دیئے گئے ہیں، سی ٹی او مقصود احمد لون

15

فیصل آباد  11  اپریل (اے پی پی): چیف ٹریفک آفیسر فیصل آباد مقصود احمد لون نے کہا ہے کہ ڈی آئی جی پنجاب ٹریفک کی خصوصی ہدایت پر فیصل آباد میں عوام کی سہولت کیلئے 5 ڈرائیونگ سکول بنا دیئے گئے ہیں جہاں موٹر سائیکل، کار اور ایل ٹی وی کی تربیت دی جاتی ہے۔ وہ ڈرائیونگ سکول پیپلز کالونی میں اے پی پی سے خصوصی بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ سکول میں آنے والے جتنے بھی طلبا و طالبات ٹریننگ لیتے ہیں، ان کو باقاعدہ تھیوری پڑھائی جاتی اور ٹریفک قوانین کے متعلق مکمل آگاہی دی جاتی ہے اور ڈرائیونگ کے متعلق تمام سکلز کی تھیوری پڑھائی جاتی ہے۔ سی ٹی او نے کہا کہ جب ہمارے سکول میں داخلہ لیا جاتا ہے تو کار اور موٹر سائیکل کیلئے یہ 15دن کا کورس ہوتا ہے جس کی فیس 3000 روپے ہے۔ داخلہ لینے کے بعد تھیوری کے علاوہ طلباء کو گراؤنڈ میں پریکٹیکل کے طور پر بھی گاڑی چلانا سکھائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ایک ڈرائیونگ سکول غلام محمد آباد میں ہے جہاں موٹر سائیکل کار کی ٹریننگ دی جارہی ہے اور کمر شل ٹیسٹ کیلئے ایل ٹی وی کی تیاری بھی کروائی جاتی ہے جو کہ کمر شل ڈرائیور کیلئے ضروری ہے۔اسی طرح ہمارے 3 ڈرائیونگ سکول تحصیلوں میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جب بھی وہ ڈرائیونگ لائسنس بنوانا چاہیں تو پہلے ڈرائیونگ سکول میں داخلہ لیں اور باقاعدہ اس کی تربیت حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ ڈرائیونگ میں ماہر ہو جائیں تو پھر آپ گاڑی کو سڑک پر لے کر آئیں۔ انہوں نے کہاکہ جب آپ گاڑی چلانا سیکھ لیں گے تو آپ سے ایک ڈرائیونگ ٹیسٹ لیا جائے گا جس کے بعد آپ کو ڈرائیونگ لائسنس ایشو کر دیا جائے۔