ملتان،10 اپریل(اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری نے کہا ہے کہ تاجر برادری ہمارے لیے قابل احترام ہے ، ان کی حفاظت ہماری ترجیحات میں شامل ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن تاجران کے عہدیداروں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے تاجر برادری کو ہر قسم کی سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی اور تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور پرائیویٹ سکیورٹی گارڈز کی خدمات بھی حاصل کریں۔ انہوں نے تاجر برادری سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی بھی اپیل کی۔ انہوں نے اہم مارکیٹوں اور زیادہ رش والی جگہوں پر پولیس گشت بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔
انجمن تاجران کے عہدیداروں نے بھی آ ر پی او کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور تجاوزات کے از خود خاتمے کا یقین دلایا تاکہ ٹریفک مسائل سے نجات مل سکے ۔
آ خر میں آ ر پی او نے دن کے اوقات میں شہر میں بھاری ٹریفک کے داخلے پر سخت نوٹس لیا اور چیف ٹریفک آفیسر کو ان اوقات میں بھاری ٹریفک کے داخلے کی پابندی پر بھی سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی ۔
ملاقات میں سٹی پولیس آفیسر منصورالحق رانا بھی موجود تھے جبکہ عہدے داروں میں شیخ جاوید اختر صدر جنوبی پنجاب و قائم مقام چیئرمین پاکستان ، خالد محمود قریشی مرکزی صدر ملتان۔ راؤ لیاقت صدر گلشن مارکیٹ ، شیخ شفیق صدر اکبر روڈ حرم گیٹ، چودھری عبدالحمید بٹ، صدر پیپر مارکیٹ، رانا محمد اویس صدر پرانی سبزی روڈ چوک شہیداں، عمران عبدالقیو م بھٹہ نائب صدر پنجاب، یونس قریشی جنرل سیکرٹری گلشن مارکیٹ، پرسنل سٹاف آ فیسر محمد یوسف بھٹی ودیگر افسران بھی شامل تھے۔