ملتان؛رمضان پیکج فری آٹا مہم کی کامیابی سے تکمیل پر کمشنر کی ڈپٹی کمشنرز اور ٹیم کو شاباش

21

ملتان،17 اپریل(اے پی پی ):رمضان پیکج فری آٹا مہم کی کامیابی سے تکمیل پر کمشنر عامر خٹک نے ڈپٹی کمشنرز اور ٹیم کو شاباش دی۔ پیکچ کے تحت ڈویژن میں 55 لاکھ سے زائد مفت آٹے کے تھیلے تقسیم کئے گئے ہیں۔

 کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت آٹا، چینی، گندم فراہمی بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔کمشنر عامر خٹک نے عید تک چینی کی فراہمی کیلئے پوائنٹس قائم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مارکیٹوں میں پوائنٹس قائم کرکے چینی سرکاری نرخ پر فروخت کروائی جائے،شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے بھرپور جذبے و محنت سے کام جاری رکھیں۔

کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ فوڈ چینی کی فراہمی کیلئے ایپ بنارہا ہے۔شوگر ملز، ڈیلرز چینی کی طلب و رسد بارے ایپ پر مکمل ڈیٹا فراہم کریں گے۔انہوں  نے گندم خریداری مہم میں تیزی لانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کوشش کر کے فکس ہدف سے زائد گندم خریدی جائے گی۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز ، متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔