ملتان؛صفائی سے متعلق  آگاہی ریلی،پمفلٹس تقسیم کئے گئے

10

ملتان،17اپریل  (اے پی پی):ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی(ایم ڈبلیو ایم سی) کی جانب سے عید الفطر کے سلسلہ میں شہر اولیا میں خصوصی  صفائی آپریشن جاری   ہے ،جس کیلئے اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔

اس حوالے سےملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی طرف سے پیر کو صفائی سے متعلق  آگاہی بارے ریلی  نکالی گئی،تاجروں اور شہریوں میں صفائی کلچر سے متعلق پمفلٹس تقسیم کئے گئے۔ ایم ڈبلیو ایم سی کی طرف سے ملتان کے مختلف علاقوں سے بڑے فلتھ ڈپوز اور پلاٹس کی صفائی کی جا رہی ہے،گنجان آباد علاقوں کی عبادت گاہوں، عید گاہوں سمیت شاہراہوں سے کوڑا کرکٹ اٹھایا جا رہا ہے،بھاری مشینری کے ذریعے  کوڑے کے ڈھیر صاف کئے جا رہے  ہیں جبکہ نئے کنٹینرز اور ویسٹ ڈرم بھی نمایاں مقامات پر رکھے جارہے ہیں

سی ای او ایم ڈبلیو ایم سی شاہد یعقوب نے کہا ہے کہ شہر اولیا کی صفائی ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے،ملتان ہم سب کا شہر ہے جس کی صفائی  کا خیال رکھنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے،شہریوں خصوصاََ سول سوسائٹی اورتاجر برادری کے تعاون کے بغیر شہر کی مثالی صفائی ناممکن ہے،شہر اولیا کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا  کہ بڑے فلتھ ڈپوز کو عید الفطر سے پہلے کلیئر کردیا جائے گا،ضلع کونسل اور کنٹونمنٹ کی حدود میں بھی صفائی شکایات کا ازالہ کررہے ہیں، مشینری اور افرادی قوت مکمل کرکے جلد عوام   کو شہر بھر میں صفائی کی مثبت تبدیلی دکھائیں گے۔