ملتان 28اپریل (اے پی پی ):جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نے میگا پراجیکٹس کی جلد تکمیل کے لئے نئی حکمت عملی تشکیل دے دی ہے۔نشترٹو ہسپتال کی او پی ڈی فنکشنل کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کردیا ہے جبکہ ڈی جی خان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا ایمرجنسی بلاک 30 جون تک ہسپتال انتظامیہ کے حوالے کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
اسی طرح شیخ زید ہسپتال میں سرجیکل کمپلیکس کے منصوبے پر کام تیز کرنےکے لئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کے منصوبے کی تکمیل بارے آئی ڈیپ سے ٹائم لائن طلب کرلی گئی ہے۔دوسری طرف ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے نشتر ٹو کا گراونڈ اور فرسٹ فلور 31 جولائی تک مکمل کرنے کا ہدف دے دیا ہے۔ یہ ہدف منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس میں دیا گیا۔ آئی ڈیپ کے سی ای او دانش افضال نے لاہور سے ویڈیو لنک کے زریعے اجلاس میں شرکت کی.اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر ناصر افضل خان،وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر الطاف احمد،آئی ڈیپ کے پراجیکٹ منیجرز میجر ر فیصل زمان اور عدنان رحمت اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نشتر ٹو انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اور اپنے محل وقوع کی وجہ سے نشتر ٹو پورے جنوبی پنجاب کی عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرے گا۔اس کے علاوہ جنوبی پنجاب سے ملحقہ کے پی کے،سندھ اور بلوچستان کے اضلاع کی عوام بھی ہسپتال سے استفادہ حاصل کرسکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے31 مئی تک نشتر ٹو کی او پی ڈی فنکشنل کرنے کا حکم دیا ہے،اس لئے او پی ڈی کو فنکشنل کرنے میں ایک دن کی تاخیر بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کہا کہ او پی ڈی کے لئے 31 مئ تک 13 کمرے تیار کئے جائیں گے اور ہنگامی بنیادوں پر بجلی کا کنکشن حاصل کیا جائے۔انہوں نے بتایا کہ او پی ڈی سے ماہ جون میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کے لئے فنڈ ڈویژنل انتظامیہ فراہم کرے گی جبکہ نئے مالی سال میں نشترٹو میں ادویات کی فراہمی کے لئے علیحدہ بجٹ فراہم کردیا جائے گا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے ہدایت کی کہ سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کی بلڈنگ پر تین شفٹوں میں کام شروع کیا جائے تاکہ منصوبہ بروقت مکمل کیا جاسکے۔سی ای او آئی ڈیپ دانش افصال نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 58 ایکڑ پر محیط نشتر ٹو ہسپتال کا منصوبہ 9ارب 45 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جارہا ہے۔منصوبے کا کا سول ورک مکمل کر لیا گیا ہے اور اس پر 6 ارب12 کروڑ روپے خرچ کردئے گئے ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے پہلے فیز میں 500 بیڈز کا ہسپتال شامل ہے۔ بلڈنگ کا گرے سٹرکچر مکمل کر لیا گیا ہے اور فنشنگ کا کام جاری ہے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ 1ارب90 کروڑ روپے کی لاگت سے بائیو میڈیکل ایکوپمنٹ کی خریداری مکمل کرلی گئی ہے اور اس کی انسٹالیشن شروع کردی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے دوسرے فیز میں مزید 500 بیڈ کا اضافہ کیا جائے گا اور میڈیکل یونیورسٹی بھی قائم کی جائے گی۔