نوشہرہ ورکاں،25اپریل(اے پی پی):تحصیل ایڈمنسٹریشن نوشہرہ ورکاں اور محکمہ فوڈ کے اہلکاروں نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے نوشہرہ ورکاں کے نواحی گاؤں بیگ پور میں ذخیرہ کئے گئے گندم کے 35سو تھیلے قبضہ میں لے لئے ہیں،ان تھیلوں کو گندم خرید سنٹر تتلے عالیٰ شفٹ کیا جائے گاجبکہ بیگ پور چیک پوسٹ پر دومشکوک ٹرالیوں کو روک کر چیک کرنے پر ان سے800تھیلہ گندم برآمدکرلی گئی ہے۔ یہ گندم شیخوپورہ سمگل ہونا تھی،گندم کے 8سو تھیلوں کو گندم خرید سنٹر تتلے عالیٰ شفٹ کر دیا گیا ہے جبکہ سمگلروں کے خلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے تھانہ تتلے عالیٰ میں استغاثہ دے دیاگیاہے۔
اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر میاں اظہر طارق وٹو نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کسی کو گندم ذخیرہ اندوزی یا سمگل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ایسا کرنے پر قانون حرکت میں آئے گا۔ کوئی بھی شخص چاہے کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو،قانون کی گرفت سے بالا تر نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی یا سمگلنگ کرنے پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی،اس کا ارتکاب کرنے والاسلاخوں کے پیچھے ہوگا، گندم ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ جرم کا ارتکاب کرنے کی پاداش میں سزا بھی ہوگی۔