نگران وزیراعلی محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس، دل کے مریضوں کیلئے ڈرپ اینڈ شفٹ شروع کرنے کا فیصلہ

27

لاہور،4اپریل  (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلی آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں پرائمری انجیو گرافی کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں دل کے مریضوں کیلئے ڈرپ اینڈ شفٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ہارٹ اٹیک پر مریض کو ضروری انجکشن لگا کر ایمبولینس کے ذریعے تحصیل اورڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں بھیجاجائے گا۔ تحصیل اور ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں پرائمری انجیو گرافی کی سہولت نہ ہونے پر قریبی بڑے ہسپتال میں شفٹ کردیا جائے گا۔

 ریسکیو1122کی خصوصی ایمبولینس دل کے مریضوں کو ہسپتال منتقل کریں گی۔ ریسکیو1122کی سپیشل ایمبولینس میں ٹرینڈ سٹاف اورضروری طبی آلات موجود ہوں گے۔ ڈرپ اینڈ شفٹ ابتدائی طورپر پنجاب کے 4اضلاع شیخوپورہ،قصور،چنیوٹ اورجھنگ میں شروع کیا جائے گا۔

سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کے 9بڑے ہسپتالوں میں اڑھائی ہزار سے زائد مریضوں کو پرائمری انجیو کی سہولت فراہم کی جاچکی ہے۔ پرائمری انجیو کی سہولت کی وجہ سے دل کے مرض میں مبتلا سینکڑوں مریضوں کی جان بچانا ممکن ہوا ہے۔

صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم، ڈاکٹر فرقد عالمگیر، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، ڈی جی ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔