اسلام آباد، 18 اپریل ( اےپی پی): پاکستان شاہینز کے کپتان عمران بٹ نے دورہ زمبابوے کی تیاریوں کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے زمبابوے سیریز کے لیے خود کو اچھی طرح سے تیار کیا ہے،میں خوش قسمت ہوں کہ پاکستان شاہینز نوجوان اور پرجوش کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ سینئر کھلاڑی پر مشتمل ہے ۔
انکا کہنا تھا کہ مجھے اور ٹیم انتظامیہ کو امید ہے کہ یہ کھلاڑی سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے جس کا مستقبل قریب میں پاکستان کرکٹ کو فائدہ ہوگا۔ عمران بٹ کی زیر قیادت شاہینز نے کراچی میں حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں 11 روز پریکٹس کی۔ پاکستان شاہینز کے 16 رکنی اسکواڈ اور چار ریزرو کھلاڑیوں نے مختلف تربیتی مشقوں میں حصہ لیا اور ہائی پرفارمنس سنٹر کے اوول گراؤنڈ میں ٹارگٹڈ میچز بھی کھیلے۔
پاکستان شاہینز 3 سے 27 مئی تک زمبابوے میں دو چار روزہ اور چھ ایک روزہ میچز کھیلنے کے لیے 30 اپریل کو لاہور سے زمبابوے کے لیے روانہ ہوگی۔ کیمپ کے دوران، کھلاڑیوں نے مختلف پریکٹس گیمز میں حصہ لیا تاکہ وہاں ریڈ بال اور وائٹ بال دونوں میچوں میں خود کو ایڈجسٹ کیا جا سکے۔