پنجاب اور سندھ میں ڈاکوؤں کے خلاف سنجیدگی سے اقدامات کئے جارہے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ

8

 

حیدرآباد، اپريل 28 (اے پی پی): وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ  نے کہا ہے کہ پنجاب اور سندھ میں ڈاکوؤں کے خلاف سنجیدگی سے اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے نتیجے میں اس وقت امن امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آج شام اپنے دورہ حیدرآباد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ  پاکستان پيپلز پارٹی کے رہنما عرفان گل مگسی سے ان کی ساس کے انتقال پر تعزیت کیلئے حیدرآباد پہنچے، اس موقع پر   وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے امور حیدرآباد صغیر قریشی، پیپلزپارٹی کے رہنما پاشا قاضی اور اظھر سیاح بھی موجود تھے۔ مگسی ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ عرفان گل مگسی سے ان کی ساس اور مولا بخش چانڈیو سے ان کے کے بھائی کی تعزیت کیلئے آے تھے۔ انہوں نے کہا کہ  صوبے میں بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے تقریبن 1.5 بلین ڈالر کا نقصان ہوا، پارٹی چییرمین بلاول بھٹو کی کاوشوں سے گھروں کی تعمیر کیلئے آدھی رقم اکٹھی کر لی ہے جبکہ متاثرین کے گھروں کی تعمیر معروف سماجی تنظیموں کے ذریعے کی جائے گی اور تصدیق کے بعد رقم کا اجرا کیا جائے گا۔  وزیراعلیٰ نے کہا کہ گذشتہ بارشوں کے پانی کی کی نکاسی اور کندم  کی اچھی فصل کی کاشت ہماری کامیابی ہے۔ امن امان کی صورتحال کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ صوبے بھر میں امن امان کی صورتحال کو بہتر کیا جائے. انہوں نے کہا کہ اس وقت پنجاب اور سندھ میں ڈاکوؤں کے خلاف سنجیدگی سے اقدامات کئے جارہے ہیں اور اعداد شمار کے مطابق اس وقت امن امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ انہوں نے سیاسی فریقین کے درمیان مذاکرات پر کہا کہ  وہ اس پر کوئی بات نہیں کرنا چاہتے،  انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے  چاہیئیں، کسی ایک شخص کی انا کی وجہ سے جو ہو رہا ہے وہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔