لاہور، اپریل 27(اے پی پی): کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت تجاوزات، پارکنگ، چیل گوشت، صفائی، ڈینگی، انسداد گداگری، گرین بیلٹس بحالی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ پارکنگ ایریاز پر تجاوزات و غیرقانونی پارکنگ پر شہر بھر میں آپریشن علی الصبح شروع ہوگیا ہے اور رہ جانے والی کمرشل بلڈنگ کو تجاوزات ہٹانے کیلئے صرف دو دن کا نوٹس جاری ہوگا۔ کمشنر لاہور نے ہدایت دی کہ بغیر این او سی سڑکوں اور سروس لینز پر کام کروانے پر مقدمے درج کرائیں۔ کمشنر لاہور نے 11شہری مسائل پر پوری لاہور انتظامیہ کو بھرپور کام کرنے کی ہدایت بھی دی۔ انھوں نے کہا کہ بھکاریوں کیخلاف کاروائی جاری ہے اور اب بھکاری مافیا کو بھی سامنے لایا جائے۔ کمشنر لاہورمحمد علی رندھاوا نے آفسران کو ہدایت دی کہ تاجر یونینز کو ساتھ لیکر مارکیٹوں میں تجاوزات کو ختم کریں۔ انھوں نے کہا کہ 9 ماڈل سڑکوں پر باقاعدہ ڈیوٹی روسٹر کیمطابق کیمپس میں عملہ تعینات کیا جائے۔کمشنر لاہور نے ہدایت دی کہ سڑکوں کی نگرانی کیلئے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی و تمام محکموں کا مشترکہ پلیٹ فارم بنایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ تین زونز کا عملہ مشترکہ طور پر ایک مین روڈ پر روزانہ آپریشن کریگا۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر۔ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی صاحبدین ڈوگر۔ایم ڈی واسا غفران احمد۔ایس پی سکیورٹی دوست محمد۔سی او ایم سی ایل علی عباس بخاری۔ایڈیشنل ڈی جی ایل ڈی اے عمران علی۔تمام اےسیز۔تمام ایم اوآرز۔سی او ہیلتھ ودیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔











