لاہور, 21اپریل(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی پولیس کے جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کیلئے رحیم یار خان سے کچے کے علاقے روانہ ہو گئے۔انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور متعلقہ پولیس حکام نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کو رحیم یار خان ائیر پورٹ پر جاری آپریشن کے بارے میں بریفنگ دی۔ محسن نقوی نے دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ علاقے میں امن قائم کریں گے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پولیس افسروں اورجوانوں کا حوصلہ بڑھانے کیلئے پوری ٹیم کے ساتھ کچے کے علاقے جارہے ہیں۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کو بریفننگ میں بتایا گیا کہ کچے کے علاقے میں جاری آپریشن میں سنگین جرائم میں ملوث 3خطرناک عناصر کو جہنم واصل اور 20 کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلی حکام اورمتعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔