گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ فیصل آباد میں ورلڈ ہیریٹیج ڈے منایا گیا

39

 

 فیصل آباد  18  اپریل (اے پی پی): ٹیکنیکل ایجوکیشنل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی(ٹیوٹا) کے زیر انتظام گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ (ٹی ٹی آئی)  میں منگل کے روز ورلڈ ہیریٹیج ڈے منایا گیا جس میں عابد حسین ڈائریکٹر ٹیوٹا، سعید احمد پرنسپل ٹی ٹی آئی، اساتزہ اکرام اور طلبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ورلڈ ہیریٹیج ڈے18 اپریل 2023 کی پر وقار مگر سادہ تقریب میں ڈائریکٹر ٹیوٹا نے طلبا اور شرکا کو 95 سال پرانی ٹی ٹی آئی کی عمارت کی خصوصیات اجاگر کیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ عمارت آج 9، 10 دہائیاں گزرنے کے باوجود بھی انتہائی مضبوط، پر شکوہ، ہوادار اور ٹھنڈی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسکی دیواروں کی موٹائی 18 انچ سے زیادہ ہے اور اسکی ساخت مٹی کی بنی ہوئی ہے جس کے باعث یہ عمارت ٹھنڈی ہے اور طلبا کو گرمی کا احساس نہیں ہوتا۔ڈائریکٹر عابد حسین نے طلبا کو بتایا کہ انسٹیٹیوٹ کی یہ بلڈنگ 1928 میں تعمیر کی گئی تھی اور آج اسکو تقریبا 95 سال کا عرصہ ہو چکا ہے مگر الحمداللہ آج بھی یہ عمارت دیگر نئی بننے والی عمارات سے کہیں زیادہ مضبوط، ٹھنڈی اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ یہ عمارت آج بھی اپنی اصل حالت میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری انڈسٹری عامر احسان بھٹہ اور ڈی جی آپریشن عامر عزیز کے حکم کے تحت اس ثقافتی ورثے کے تحفظ اور لوگوں میں اسکی آگاہی کیلئے یہ تقریب منعقد کی جا رہی ہے اور سیکرٹری انڈسٹری سے ہم نے اس قیمتی ورثے کی مرمت اور خوبصورتی کو قائم رکھنے کیلئے فنڈز کی بھی درخوست کی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج گورنمنٹ کالج دھوبی گھاٹ اور ایم سی ہائی سکول کوتوالی روڈ کے بچوں کو ہم نے اس قیمتی ورثے کی اہمیت کے بارے میں آگاہی دی ہے۔پرنسپل ٹی ٹی آئی نے طلبا کو بتایا کہ کہ آج کے دن کو منانے کا مقصد اپنی نئی نسل کو اپنے قومی اور ثقافتی ورثے کی اہمیت سے آگاہ کرنا، اسکی دیکھ بھال کرنا اور اسے محفوظ بنانا ہے۔انہوں نے طلبا کو ٹی ٹی آئی کی خوبصورت عمارت کے اہم خدوخال بارے بتایا۔انہوں نے بتایا کہ عمارت کی دیواروں کی موٹائی 18 انچ جبکہ چھتوں کی اونچائی 14 فٹ ہے جس کے باعث اسکے تمام کلاس رومز ٹھنڈے رہتے ہیں اور طلبا بخوشی تعلیم حاصل کرتے ہیں اور انہیں گرمی نہیں لگتی۔آخر میں تمام شرکا نے بچوں کے ہمراہ عمارت کے مختلف حصوں کو دیکھا اور بعد ازاں ڈائریکٹر اور پرنسپل کے ساتھ آگاہی واک میں بھی شرکت کی۔