لاہور، 29 اپریل(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اور نیشنل ایمبولنس سروس کالج ڈبلن آئرلینڈ کے مابین توسیع معاہدہ کی دستاویز پر دستخط کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
معاہدے کے تحت آئرش ادارہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ایمرجنسی کیئر کورسز کو منظور کرے گا اور مشترکہ سرٹیفیکٹ جاری کیے جائیں گے
یو ایچ ایس کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور جبکہ نیشنل ایمبولنس سروس کالج ڈبلن کی جانب سے ڈاکٹر میکارٹن ہیوز نے معاہدے پر دستخط کیے۔
ان کورسز کے نصاب، ٹریننگ میٹریل اور لوکل ماسٹر ٹرینرز کی تیاری میں بھی نیشنل ایمبولنس کالج آئرلینڈ مدد فراہم کرے گا۔
تقریب میں نگران صوبائی وزیر سپشلائزڈ ہیلتھ ،پروفیسر جاوید اکرم، صوبائی وزیر پرائمری و سکینڈری ہیلتھ ڈاکٹر ناصر جمال، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر احسن وحید راٹھور، سابق چیئرمین پاک ریڈ کریسنٹ سوسائٹی ڈاکٹر سعید الٰہی، چیف ایمبولنس آفیسر نیشنل ایمبولنس سروس کالج ڈبلن ڈاکٹر میکارٹن ہیوز، ہیلتھ سروس ایگزیکٹو نیشنل ایمبولنس سروس کالج ڈبلن آئرلینڈ، ڈیسمنڈ ویڈ نے شرکت کی۔
تقریب میں رجسٹرار یو ایچ ایس پروفیسر نادیہ نسیم، ڈائریکٹر خصوصی اقدامات اور کورس کوآرڈینیٹر، پروفیسر سارہ غفور، ڈاکٹر خالد رحیم اور ڈاکٹر فاروق بٹ بھی موجود تھے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یو ایچ ایس گزشتہ ایک دہائی سے ہیلتھ پروفیشنلز کو کلینکل سکلز پر مبنی تربیتی کورسز کروارہی ہے جو کہ قابل ستائش ہے۔
انھوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز طبی عملے کی تربیت کے حوالے سے سینٹر آف ایکسیلنس کا درجہ حاصل کرنے جا رہی ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ ایمرجنسی کئیر میں ایمبولنس اور ہاسپٹل سٹاف کی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دور دراز علاقوں میں ایمبولینس سروس کی فراہمی بہت اہم ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ حادثہ کے بعد پہلا گھنٹہ زندگی بچانے کیلئے ‘گولڈن آور’ ہے، اگر زخمیوں کو ہسپتال پہنچانے تک مناسب طبی امداد مل جائے تو اموات کی تعداد میں بڑی کمی آسکتی ہے۔
ڈاکٹر سعید الہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کے لیے ایمرجنسی کیئر میں تربیت یافتہ عملے کی بہت ضرورت ہے۔
وی سی یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور نے کہا کہ یو ایچ ایس گزشتہ دس سال سے ہیلتھ پروفیشنلز کو ایمرجنسی کیئر میں تربیت دے رہا ہے۔ جلد ایمرجنسی میڈیسن میں ڈپلومہ اور ڈگری کورسز شروع کریں گے۔
نگران وزیر صحت جاوید اکرم نے کہا کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کارڈیک فرسٹ ریسپانس، بیسک لائف سپورٹ، ایڈوانس لائف سپورٹ جیسے زندگی بچانے والے کورسز کے ذریعے ایمبولنس سٹاف اور ہیلتھ ورکرز کو تربیت فراہم کررہی ہے۔ ان کورسز کا دائرہ کار پنجاب کے 85تحصیل ہسپتالوں تک بڑھا دیا گیا ہے۔ جاوید اکرم نے کہا کہ نیشنل ایمولینس سروس کالج سے معاہدے کے بعد یونیورسٹی کے ان کورسز کو بین الاقوامی منظوری بھی ملے گی۔