لاہور۔15اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 2018میں (ن)لیگ نے ایک خوشحال پاکستان چھوڑا جس کے بعد ایک جھرلو اور فراڈ الیکشن ہوا جس نے ملک کی ترقی کا سفر نا صرف ختم کیا بلکہ پاکستان کو بہت پیچھے لے گیا جو ایک درد ناک داستان ہے ، پاکستان تحریک انصاف کو اقتدار میں لانے کیلئے انتخابی نتائج تبدیل کئے گئے ،سابقہ حکومت نے آئی ایم ایف سے جو ٹوٹا پھوٹا معاہدہ کیا وہ ہمارے گلے پڑ گیا ہے اب ہم آئی ایم ایف سے جان چھڑانا بھی چاہیں تو نہیں چھڑا سکتے، شاہدرہ فلائی اوور کی تعمیر پنجاب حکومت کا منصوبہ ہے اور ہم میٹرو بس سروس کو کالا شاہ کاکو تک لے کر جائیں گے،سابق چیف جسٹس ثاقب نثار ہمارے سابقہ دور حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کو نہ روکتے تو آج پنجاب کے ایسے حالات نہ ہوتے،عمران خان کے چار سالہ دور میں کرپشن کی انتہا ہو گئی ،پنجاب میں غریب عوام کیلئے مفت آٹا کی فراہمی شروع کی جس پر 65ارب روپے کی خطیر رقم خرچ ہوئی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں6رویہ امامیہ کالونی ریلوے کراسنگ فلائی اووراور ملٹی لیول شاہدرہ چوک فلائی اوور کے افتتاحی منصوبوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی ،وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین،وزیر اعظم کے خصوصی مشیر احد چیمہ، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان،سیکرٹری مواصلات کیپٹن (ر)محمد خرم آغا ،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور،کمشنر و ڈپٹی کمشنر لاہور اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سمیت اہل علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ مجھے آج یہاں آکر منصوبے کا افتتاح کرکے خوشی بھی ہورہی ہے اور کچھ معاملات میں تشویش بھی ہوئی ہے، خوشی اس بات پر ہے کہ ترقی کا جوسفر پنجاب میں چھوڑ کرگئے تھے نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی انتہائی جاں فشانی سے ان منصوبوں کو آگے لیکر بڑھ رہے ہیں اور تشویش اس بات کی ہے کہ سابقہ دور حکومت میں پنجاب میں شروع کئے گئے ہمارے عوامی و ترقیاتی منصوبوں کو روک دیا گیا اور عدم توجہی کے باعث وہ منصوبے دم توڑ گئے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے یہ منصوبے عوام کی فلاح اور بہبود کیلئے تھے ان کی تکمیل سے شہریوں کا معیار زندگی بلند ہوتا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ آج کی تقریب میں انتہائی فرض شناس آفیسر کمشنر لاہور علی رندھاوا اور ڈپٹی کمشنر لاہور ہماری بیٹی موجود ہیں ،میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ تقریب میں کالین بچھانے کی ضرورت نہیں تھی بلکہ یہ تقریب سادگی سے منعقد کی جاتی۔انہوں نے کہا کہ عوام کی مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے پنجاب میں مفت آٹا کی فراہمی شروع کی جس پر 65ارب روپے کی خطیر رقم خرچ ہوئی اور میں نے اس طرح کی سکیم ماضی میں بھی شروع کی تھی اور دکانوں پر سبسڈائیز آٹا فراہم کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ہمارے نوجوان نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کا تھا کہ عوام کو مفت آٹا فراہم کیا جائے جس پر ہم نے ان کے ساتھ سرجوڑ کر اس منصوبے پر کام کیا اور پنجاب کی آٹھ سے دس کروڑ عوام کو مفت آٹا فراہم کیا جارہا ہے جوکہ پنجاب کی تاریخ میں اپنی نوعیت کی منفرد سکیم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے پنجاب کے دور حکومت میں یہاں پر مثالی کام کئے میٹرو بس منصوبہ چلیا ،ہسپتال بنائے،کرکٹ گرائونڈ بنائے اور بجلی کے منصوبوں کو مکمل کیا ۔انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف جب وزیر اعظم تھے تو ملک میں بیس بیس گھنٹے لوڈ شیڈنگ تھی جس کو ہم نے ختم کیا۔محمدشہباز شریف نے کہا کہ 2018میں (ن)لیگ نے ایک خوشحال پاکستان چھوڑا جس کے بعد ایک جھرلو اور فراڈ الیکشن ہوا جس نے ملک کی ترقی کا سفر نا صرف ختم کیا بلکہ پاکستان کو بہت پیچھے لے گیا جو ایک درد ناک داستان ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو اقتدار میں لانے کیلئے انتخابی نتائج تبدیل کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اس وقت اعلان کیا تھا کہ میٹرو بس منصوبے کو شاہدرہ سے کالا شاہ کاکو تک لے جائیں گے مگر ان تمام منصوبوں کو ختم کر دیا گیا اور سابقہ پنجاب حکومت نے کرپشن کی داستانیں رقم کر دیں،ڈی پی اوز ڈی سی او ز کی تعیناتیوں میں کرپشن کی گئی اور تھانوں کی بولیاں لگائی گئیں۔انہوں نے کہا کہ دانستہ طور پر ہمارے دور میں کرپشن نہیں تھی ،ترقی اور خوشحالی کیلئے دن رات کام کر رہے تھے کہ اس کو کسی کی نظر لگ گئی۔











