اسلام آباد،6مئی(اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا ہے کہ ائیرپورٹ پر تربیتی سرٹیفکیٹ نہ رکھنے والے حجاج کو سفر کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
وزیر مذہبی امور نے ہفتہ کو حاجی کیمپ کا دورہ کیا اورحجاج کرام سے ملاقات کی۔انہوں نے حاجی کیمپ میں حجاج کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزارت مذہبی امور حجاج کرام کی خدمات کیلئے کوشاں ہے،حجاج کرام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائے گی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ حجاج کرام کو سفر سے پہلے حج سے متعلق تربیتی نشستیں لازم ہے، ائیرپورٹ پر تربیتی سرٹیفکیٹ نہ رکھنے والے حجاج کو سفر کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ انہوں نےکہاکہ حجاج کرام کو گروپ لیڈران سے رابطے میں رہنا ہوگا،حجاج کرام کیلئے ٹریننگ بہت ضروری ہے تا کہ وہاں ان کو کوئی پریشانی نہ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ حج بہت بڑا مقصد اور عبادت ہے، اللہ ہمیں اس مقصد میں کامیاب کرے۔