احمدپورشرقیہ؛کپاس کی فصل کے حوالہ سے کسان کنونشن منعقد،زیادہ فصل کیلئے مفید مشورے دئیے گئے

21

احمدپورشرقیہ،17 مئی  (اے پی پی ): محکمہ زراعت توسیع اور تارا گروپ کے اشتراک سے ڈویژنل سطح پر کپاس کی فصل کے حوالہ سے کسان کنونشن منعقدہوا جس میں زیادہ رقبہ پر کپاس کی فصل کاشت کرنے، کپاس کی پیداواری ٹیکنالوجی اور زیادہ کپاس کی فصل کے حوالہ سے آگاہ کیا گیا۔

کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور نے کسان کنونشن کی صدارت کی جبکہ سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ کسان کنونشن میں ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ، چیئرمین تارا گروپ ڈاکٹر خالد حمید، ڈاکٹر رانا محمد طارق، میاں شاہد اقبال، اسسٹنٹ کمشنر (جنرل) محمد طیب،ڈائریکٹر زراعت توسیع جمیل احمد غوری، وا دیگر افراد نے شرکت کی۔

 کمشنر بہاول پور ڈاکٹر احتشام انور نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معیشت میں زراعت کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہاکہ کپاس کیش کراپ ہے۔ زمیندارو کاشت کاران زیادہ رقبہ پر کپاس کی فصل کو کاشت کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بہاول پور ڈویژن میں 23 لاکھ24ہزار ایکڑ اراضی پر کپاس کی فصل کاشت کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

 سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا کہ زمیندار اور کاشت کار زیادہ رقبہ پر کپاس کی فصل کاشت کریں اور کپاس کی بہتر پیداوار کے لیے کپاس کا منظور شدہ بیج استعمال کیا جائے۔  کپاس کی عمدہ فصل کے لیے کپاس کے کھیت کی تیاری، منظور شدہ اقسام کے بیج، کھاد اورسپرے کا مناسب استعمال کیا جائے۔  حکومت کی جانب سے کپاس کی امدادی قیمت8500 روپے فی من مقرر کی گئی ہے۔

کسان کنونشن میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کپاس کے زمیندار و کاشتکاران سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔گورنر نے کہا کہ زراعت ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ہمارے کاشتکاروں نے ہر مشکل وقت میں زرعی پیداوار کے ذریعہ ملک کی معیشت کو سہارا دیا ہے، اسی طرح کپاس کی زیادہ رقبہ پر کاشت کر کے ملک کے زرمبادلہ میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔