اسلام کی حقیقی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہی معاشرتی مسائل کو حل کرنے کا واحد راستہ ہے،رانا تنویر حسین

14

اسلام آباد،30مئی  (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ اسلام کی حقیقی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہی معاشرتی مسائل کو حل کرنے کا واحد راستہ ہے،مسلم امہ اتحاد کے ساتھ اسلامو فوبیا پر کام کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کی دعوہ اکیڈمی  کے زیر اہتمام افواج پاکستان کے افسران کیلئے ترتیب کردہ اسلامی تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مذہب کی اصل روح کو سمجھنے کیلئے مختلف اداروں میں پیشہ ور افراد کیلئے تیار کیے گئے ایسے کورسز کا انعقاد ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے پروگرام پورے ملک میں ہونے چاہئیں تاکہ ہم اسلام کے پیغام کو حقیقی روح کے ساتھ پھیلا سکیں۔ وفاقی وزیر نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ معاشرے میں امن پھیلانے کے لیے اس طرح کی تربیت اور پروگرام وقت کی اشد ضرورت ہیں کیونکہ چند عناصر معاشرے میں نفرت اور تشدد پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ مسلم امہ اتحاد کے ساتھ اسلامو فوبیا پر کام کر رہی ہے۔

   اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر ڈاکٹر ہذال حمود العتیبی نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں کا اولین کام نوجوانوں کی کردار سازی ہے  ڈاکٹر ھذال نے  اسلام کی مکمل واقفیت کے لیے ضروری کورسز کے مسلسل انعقاد پر دعوۃ اکیڈمی کے کردار کی تعریف کی۔ اس موقع پر صدر جامعہ نے کہا کہ افواج پاکستان کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے اور پاک افواج کا کردار مثالی ہے۔ انہوں نے نے ایسے تربیتی کورسز کے ذریعے اسلام کے پیغام کو پھیلانے کے لیے آن لائن تربیتی پروگرام شروع کرنے پر زور دیا۔   دعوت اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس نے اپنے خطاب میں دعوۃ اکیڈمی کے تاریخی پس منظر اور اس کے تربیتی پروگراموں کے بارے میں بتایا۔ ڈاکٹر الیاس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دعوہ اکیڈمی دیگر اداروں کے ساتھ مل کر ملک بھر میں ایسے تربیتی پروگرام منعقد کرے گی۔

     ڈاکٹر عبدالفرید بروہی، انچارج (ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ) نے دعوہ اکیڈمی کے  اس تربیتی پروگرام کی جامع رپورٹ پیش کی  ۔ انہوں نے بتایا کہ اس کورس میں پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے تقریباً 30 افسران نے حصہ لیا۔ تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر نے کورس کے شرکاء کو اسناد عطا کیں۔