لاہور 8 مئی ( اے پی پی ) سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نبیل جاوید کی زیرصدارت اسٹیٹ لینڈ کو قبضہ گروپوں سے واگزار کروانے بارے کمیٹی روم میں اہم اجلاس ہوا۔اسٹیٹ لینڈ کو ناجائز قابضین سے واگزار کروانے کے لیے مختلف آپشن پر غور کیا گیا۔سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نبیل جاوید نے اس موقع پر کہا کہ اسٹیٹ لینڈ کو واگزار کروانے کے لیے گرینڈ آپریشن شروع کیا جائے گا،اسٹیٹ لینڈ بارے کورٹس میں زیر سماعت کیسز کی لسٹیں تیار کی جائیں۔معزز کورٹس کو اسٹیٹ لینڈ کے کیسز کی جلد سماعت کرکے فیصلے کرنے کی استدعا بھی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ اداروں کے درمیان سرکاری زمین کے تبادلے کے لیے پیپر ورک جلد مکمل کیا جائے۔واگزار کروائی جانے والی اسٹیٹ لینڈ کو عوامی مقاصد کے استعمال میں لایا جائے۔پی ڈی ایم اے سمیت دیگر اداروں کے ٹاورز کی تعمیر کا آغاز برکی روڑ پر جلد کیا جائے گا۔اسٹیٹ لینڈ ہمارا اثاثہ ہے انچ انچ کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔اجلاس میں چیف سیٹلمنٹ کمشنر ، ممبر کالونیز ، سیکرٹری ایس اینڈ آر سمیت دیگر نے شرکت کی۔











