لاہور18مئی(اے پی پی): الحمراء کلچرل کمپلیکس قذافی سٹیڈیم میں میوزیم کے عالمی دن کے موقع پر سیمینار کا انعقادکیا گیا۔ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء محمد سلیم ساگر نے پینلسٹ کو خوش آمدید کہا اور انہیں گلدستے دئیے۔نامور آرٹسٹوں قدوس مرزا، تانیہ سہیل اور ثناء درانی نے اس موقع پر گفتگو کی۔ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء محمد سلیم ساگر نے اس موقع پر کہا کہ الحمراء آرٹ میوزیم تاریخی و تہذیبی فن کے ورثے کا امین ہے،میوزیم میں آویزاں فن پاروں سے ہمارا ماضی جھلکتا ہے،یہ فن پارے دُنیا میں پاکستانی آرٹ کی شناخت ہیں،الحمراء آرٹ میوزیم تاریخ فن سے آگہی کا بہترین ذریعہ ہے۔نامور آرٹسٹ قدوس مرزا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہمیوزیم نئی نسل کو اپنی پہچان اور تشخص سے جوڑے رکھتے ہیں،میوزیم ہماری یادوں کے آئینہ دار ہیں۔تانیہ سہیل نے کہا کہ میوزیم قیمتی،نادر ونایاب نوادرات کو محفوظ رکھتے ہیں۔نامور آرٹسٹ ثنا درانی نے میوزیم میں پینٹنگ کو محفوظ رکھنے کے عمل پر گفتگو کی۔سیمینار میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سیمینار کے انعقاد پر الحمراء انتظامیہ کی کاوش کو بھرپور انداز میں سراہا گیا











