اوکاڑہ،14مئی(اے پی پی): ڈپٹی کمشنرڈاکٹرمحمد ذیشان حنیف نے صنعت زار کا دورہ کیا۔انہوں نے صنعت زار میں قائم سلائی کڑھائی، بیوٹیشن،ہینڈی کرافٹ سمیت کمپیوٹرلیب اور دیگرفنی مہارتیں سکھانے کے شعبہ جات کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفئیربھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنرڈاکٹرمحمد ذیشان حنیف نے صنعت زار کے انتظامی امور،خصوصی افراد سمیت شہریوں کو ہنر مند بنانے کے لئے شروع کئے گئے مختلف پروگراموں سے متعلق بریفنگ لی۔ انہوں نے کہا کہ کسی شخص کو روزگار کمانے کے لئے قابل بنانا بہت بڑی نیکی ہے اور صدقہ جاریہ ہے، نوجوانوں کو مختلف شعبہ جات میں تربیت کے مواقع فراہم کرنا اور خصوصی افراد کے لئے مختلف فنی مہارتیں سکھانے کے پروگرام اس ادارہ کی افادیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ صنعت زار کو درپیش مسائل کے حل اور اس کے دائرہ کارکووسعت دینے کے لئے بھرپور معاونت کرے گی۔