ای رجسٹریشن کا منصوبہ حکومت پنجاب کا احسن اقدام، منصوبہ پنجاب کے شہریوں کی جائیدادوں کو محفوظ بنانے کے لیے سود مند ثابت ہو گا۔ سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نبیل جاوید

23

 

لاہور09مئی ( اے پی پی ): سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نبیل جاوید کی زیرصدارت ای رجسٹریشن کی ٹریننگ سیشن بارے اجلاس بورڈ کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ممبر ٹیکسز طارق قریشی، سیکرٹری ریونیو مہر شفقت اللہ مشتاق، اے ڈی سی جی لاہور، چیف اسٹیمپ انسپکٹر سمیت دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سائرہ عمر نے ای رجسٹریشن کی ٹریننگ کے پراسس بارے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لاہور، روالپنڈی، ساہیوال، فیصل آباد، ملتان اور بہاولپور ڈویژن کے تمام اضلاع میں ای رجسٹریشن کی ٹریننگ کے عمل کو مکمل کر لیا گیا جبکہ ڈی جی خان، سرگودھا اور گجرات ڈویژن کے اضلاع میں ٹریننگ پراسس کو 15 مئی تک مکمل کر لیا جائے گا۔ سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نبیل جاوید نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ای رجسٹریشن کا منصوبہ حکومت پنجاب کا احسن اقدام ہے جو شہریوں کی جائیدادوں کو محفوظ بنانے کے لیے سود مند ثابت ہو گا جبکہ ضرورت پڑنے پر رجسٹریشن ایکٹ میں ترامیم بھی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ای رجسٹریشن کے قیام سے نہ کوئی پیپر غائب ہو گا اور نہ ہی ریکارڈ میں ردوبدل ہو سکے گی اور ای رجسٹریشن منصوبہ کرپشن کے خاتمے میں بھی مددگار ثابت ہو گا۔ ایس ایم بی آر نے کہا کہ ای رجسٹریشن سے جائیداد کی منتقلی کا عمل شفاف اور کم سے کم وقت میں ہو سکے گا اور مقدمات کی شرح میں بھی کمی واقع ہو گی، ای رجسٹریشن کا تمام عمل خود کار نظام کے تحت ہو گا اور 15 مئی کے بعد پنجاب بھر میں کوئی رجسٹری مینول طریقہ کار کے مطابق نہ ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ای رجسٹریشن سے سہولت اور آسانی کے نئے باب میں اضافہ ہو گا جبکہ شہری خود یا وثیقہ نویس کے ذریعے کمپیوٹر رجسٹری کے کاغذات ٹائپ کرکے آن لائن سب رجسٹرار کو سینڈ کر سکتے ہیں، رجسٹرار یا سب رجسٹرار کے دفتر میں دونوں پارٹیز کے بیان اور تھمب ایمپریشن کی تصدیق کے بعد رجسٹری پاس ہو جائے گی جبکہ شہری رجسٹری کی کاپی گھر بیٹھے آن لائن حاصل کر سکیں گے۔ ایس ایم بی آر نے کہا کہ ای رجسٹریشن کی مدد سے لوگوں کے لیے آسانی اور افسران کی موثر مانیٹرنگ ہو سکے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ گائیڈ لائن پر مکمل عملدرآمد کیا جائے سستی کا مظاہرہ ہرگز نہ کیا جائے، حکومت پنجاب شہریوں کو جدید ترین سہولیات کی فراہمی کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ بعد ازاں سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نبیل جاوید کی زیرصدارت پنجاب کے اضلاع میں نئے سرکٹ ہاوسز کی تعمیر اور تزئین و آرائش بارے بورڈ کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری آبپاشی واصف خورشید، ڈی جی خان، روالپنڈی، بہاولپور کے کمشنرز، ممبر کالونیز محمد خان رانجھا، سیکرٹری بورڈ آف ریونیو مہر شفقت اللہ مشتاق، والڈ سٹی اتھارٹی کے افسران سمیت ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شیراز احمد بھی موجود تھے۔ اجلاس میں تاریخی عمارات کی اور سرکٹ ہاوسز کی تزئین و آرائش کرنے بارے امور زیر بحث رہے۔

اس موقع سنیئر ممبر بورڈ نبیل جاوید نے کہا کہ متعلقہ ادارے سرکٹ ہاوسز اور تاریخی عمارات کی جوائنٹ انسپکشن کریں جبکہ آڈٹ سمیت چیک اینڈ بیلنس کو بھی یقینی بنایا جائے۔