سیالکوٹ، 9مئی(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے کہا ہے کہ صارفین کو مقررہ نرخوں پر اشیاء خوردونوش کی فراہمی اولین ترجیح ہے، اس امر کو یقینی بنانے کیلئے اسپیشل پرائس مجسٹریٹس اپنی اپنی حدود میں واقع دکانوں اور بازاروں میں روزانہ کی بنیاد پر پرائس بیکنگ کریں،تمام کریانہ، پولٹری،بیف، مٹن،سبزیوں اور فروٹس کی دکانوں اور ریڑھیوں پر نمایاں جگہ پر پرائس لسٹ آویزاں ہونی چاہئے جبکہ ناپ تول کے پیمانوں کی بھی چانچ پڑتال کی جائے۔
یہ ہدایات انہوں نے منگل کو اسپیشل پرائس مجسٹریٹس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جاری کیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد رضا سراء نے اسپیشل پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں ماہ میں اب تک 43 اسپیشل پرائس مجسٹریٹس نے مجموعی طور پر 8ہزار 723 انسپکشنز کیں اور 335افراد کو ناجائز منافع خوری پر 10لاکھ 84 ہزار روپے جرمانہ کیا،پرائس ایکٹ کے تحت 23مقدمات درج کروائے گئے اور 23دکانوں اور گوداموں کو سربمہر کیا جبکہ 47 افراد کو موقع پر گرفتار کیا۔
ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے کہا کہ ڈیوٹی روسٹر کے مطابق اسپیشل پرائس مجسٹریٹس سبزی منڈی میں آکشن کی نگرانی کرینگے اس ضمن میں غفلت اور سستی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔











