لاہور، مئی 7(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے سینیٹر، چیئرمین پاکستان کرسچین کونسل انٹرنیشنل (پی سی سی) کامران مائیکل کی سربراہی میں مینارٹی چلڈرن لیڈرشپ (MCLD) کے وفد نے ملاقات کی۔وفد میں ایم سی ایل ڈی کی نیشنل کوارڈینیٹر زبیا کامران، پراونشل کوآرڈینیٹر سجر شہزاد اور اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے بچے شامل تھےگورنر پنجاب نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں مسیحی ،ہندو، سکھ مذاہب سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے روشن مستقبل کو گورنر ہاؤس میں خوش آمدید کہتا ہوں۔ اقلیتی برادری کے بچوں کی جانب سے “چارٹر آف ڈیمانڈ “ پیش کرنے کی کاوش کو بھی سراہتا ہوں بلیغ الرحمن نے کہا کہ حکومت بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمودات کے مطابق تمام اقلیتوں کے ساتھ یکساں سلوک روا رکھنے پر کامل یقین رکھتی ہے ۔پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتی برادری کو مکمل معاشی، سیاسی اور مذہبی آزادی حاصل ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اقلیتیں ملکی ترقی کیلئے دفاع،تعلیم، صحت، انصاف، امن وعامہ،فیصلہ سازی سمیت تمام شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وطن عزیز پر جب بھی دشمن نے میلی آنکھ ڈالی یا کوئی اور مشکل کی گھڑی آئی پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہو گئی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کے شہدا اور غازیوں کی تاریخ اقلیتی برادری کے ہیروز کے ناموں سے مزین ہے انصاف کا میدان ہو تو چیف جسٹس اے آر کرنیلئس ،جسٹس بھگوان داس ایک عظیم قانون دان اور اہم فیصلوں کے بانی اور آئین پاکستان کو تشکیل دینے والوں میں سر فہرست ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائےگا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت وزیراعظم پاکستان،محمد شہباز شریف کی قیادت میں تمام پاکستانیوں بالخصوص اقلیتوں کو پر امن بقائے باہمی اور مساوی مواقع فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ اور انہیں ان کی صلاحیتوں کے مطابق قومی ترقی کے لئے سماجی، معاشی اور سیاسی طور پر با اختیار بنا رہی ہے۔ہم سب عید،کرسمس ،دیوالی، بیساکھی ملک کے طول و عرض میں تمام مذاہب کے درمیان معاشرتی ہم آہنگی کی عکاسی کرتے ہوئے مناتے ہیں، مجھے یقین ہے کہ اقلیتیں مزید عزم اور حوصلےسے ملک کے امن اور ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ملک اور قوم کے خلاف کسی منفی پروپیگنڈا کا حصہ نہ بنیں۔ سنی سنائی باتوں پر یقین نہ کریں تحقیق کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔











